پانچ
پانچ علوم جو اس وقت بچوں کے لیے ضروری ہیں
!غور کریں اور فیصلہ کریں
ہم جانتے ہیں کہ سب کی پسند الگ الگ ہوتی ہے، خصوصاً مضامین کے لیے۔ جیسے ہمیں صرف وہی مضامین اچھے لگتے ہیں جن کے استاد اچھے ہوتے ہیں اور محبت سے پڑھاتے ہیں۔ آپ کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے؟ ایسے ہی اساتذہ علم سے ہماری محبت میں اضافہ کرتے ہیں۔
لیکن ساتھیو، اس کے علاوہ کچھ اور ایسے مضامین بھی ہیں جن کے متعلق جاننا آپ کے لیے ضروری ہے، چاہے وہ آپ کو پسند ہوں یا نہ ہوں۔ وہ کون سے مضامین ہیں؟ اگر لب لباب بتایا جائے تو اسٹیم (STEM) مضامین جو مجموعہ ہے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور میتھ کا۔ اگر آپ
:اس میں آرٹ کا اضافہ کریں تو بنتا ہے اسٹیم (STEAM) مضامین ، یعنی سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹ اور میتھ۔ چلیں دیکھتے ہیں
ا۔ سائنس – سائنس سوال کرنا سکھاتی ہے؛ ایسے سوالات جو بہت کم عمری میں ہی آپ کے دماغ میں پیدا ہونا شروع ہوتے ہیں۔ اگر آپ سائنس کا علم حاصل کریں گے تو سائنس آپ کو جواب ڈھونڈنا بھی سکھا دے گی۔ چاہے آپ آگے جا کر بزنس کریں یا مصور بنیں، شیف بنیں یا استاد، سائنس کی بنیادی تعلیم ضرور حاصل کریں۔
۲۔ ٹیکنالوجی – دوستو، یہ علم سائنس کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ کہنے کی بات ہی نہیں کہ دنیا مکمل طور پر مشینوں کی گرفت میں ہے۔ ہر جگہ مختلف قسم کی مشینیں انسانوں کی مدد کرتی نظر آتی ہیں چاہے وہ کوئی بزنس ہو، ہسپتال ہو، گاڑیاں ہوں، یا گھر میں تفریح کا سامان ہو۔ ٹیکنالوجی کا علم متحرک ہے کیوںکہ ہر سال نئی سے نئی ٹیکنالوجی وجود میں آ رہی ہے۔ لہذا پڑھنا کسی نہ کسی طور فائدہ دے گا اور اپنا راستہ خود بنائے گا۔ غور کریں اور فیصلہ کریں۔
۳۔ انجینئرنگ – لیں بھئی، یہ بھی سائنس اور ٹیکنالوجی سے جڑا ہو ایک اور علم ہے۔ اگر ہم یہ کہیں کہ انجینیئرز نے دنیا کا نقشہ ہی بدل دیا ہے تو غلط نہ ہو گا۔ عمارتوں اور پلوں سے لے کر روزمرہ استعمال ہونے والا ناخن تراش، سبھی تو انجینیئرنگ کے کارنامے ہیں۔ اس کا علم کبھی پرانا نہیں ہو گا اور کبھی ٹھہرے گا نہیں۔ غور کریں اور فیصلہ کریں۔
۴۔ اپنا پسندیدہ آرٹ یا تیزی سے پھیلنے والی زبان – کچھ زبانیں دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہی ہیں۔ ان میں سے کوئی ایک ضرور سیکھیں۔ انگریزی ابھی بھی بلامقابلہ منتخب ہو رہی ہے، کیوںکہ یہ دنیا بھر میں سمجھی جانے والی زبان ہے۔ لیکن چینی زبان بھی ترقی کی منزلیں طے کر رہی ہے۔ غور کریں اور فیصلہ کریں۔اپنی پسند کا کوئی آرٹ سیکھنے سے آپ کو خوشی ملتی ہے اس لیے یہ بھی ضروری ہے۔ غور کریں اور فیصلہ کریں۔
۵۔ ریاضی/ حساب – یہ مضمون نہ صرف آپ کی روزمرہ زندگی میں کام آتا ہے، بلکہ اعلی تعلیم کے دوران، تحقیقی کاموں کے دوران حتی کہ سماجی کاموں اور خدمات کے لیے بھی مددگار اور کارآمد ہے۔ ریاضی کی بنیادی مہارت آپ کے لیے بہت ضروری ہے۔
ہمارا ماننا یہ ہے کہ آپ اپنی مادری زبان میں ریاضی پڑھیں۔ یہ بہت اہم ہے۔ غور کریں اور فیصلہ کریں۔
************************************